ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سنبھل جامع مسجد کیس: سروے رپورٹ کی پیشی میں تاخیر، ایڈووکیٹ کمشنر نے مزید 15 دن کی مہلت مانگ لی

سنبھل جامع مسجد کیس: سروے رپورٹ کی پیشی میں تاخیر، ایڈووکیٹ کمشنر نے مزید 15 دن کی مہلت مانگ لی

Mon, 09 Dec 2024 17:13:51  SO Admin   S.O. News Service

سنبھل، 9/دسمبر (ایس او نیوز /ایجنسی) اتر پردیش کے سنبھل میں واقع شاہی جامع مسجد کے معاملے میں سروے رپورٹ آج عدالت میں پیش کی جانی تھی، لیکن ایڈووکیٹ کمشنر کی جانب سے یہ رپورٹ پیش نہیں کی جا سکی۔ ایڈووکیٹ کمشنر نے صحت کے مسائل کا حوالہ دیتے ہوئے عدالت سے مزید 15 دنوں کی مہلت طلب کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق ایڈووکیٹ کمشنر رمیش سنگھ راگھو نے کہا ہے کہ سول کورٹ (سینئر ڈویژن) شام تک اس درخواست پر اپنا فیصلہ سنانے کا امکان ہے۔

ایڈووکیٹ کمشنر رمیش سنگھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’آج میں نے عدالت میں ایک عرضی داخل کی ہے۔ سروے کی حتمی رپورٹ تیار ہے اور آخری مرحلہ میں ہے۔ یہ رپورٹ سیل بند لفافے میں پیش کی جائے گی، لیکن خرابیٔ صحت کی وجہ سے میں نے عدالت سے 15 دن کا وقت مانگا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’مجھے تین چار دن سے بخار تھا۔ میں ابھی تک رپورٹ کا تجزیہ نہیں کر پایا ہے۔ اس معاملے میں دوسرا فریق اپنا اعتراض داخل کرے گا، اس اعتراض کو سننے کے بعد عدالت آج شام اپنا فیصلہ سنائے گی۔‘‘

واضح رہے کہ سنبھل جامع مسجد میں ہریہر مندر ہونے کا دعویٰ عدالت میں پیش کیے جانے کے بعد مسجد میں کیے گئے دو مراحل کے سروے کی رپورٹ 29 نومبر کو داخل کی جانی تھی، لیکن رپورٹ تیار نہ ہونے کے سبب عدالت نے 10 دنوں کا وقت دیا تھا۔ آج (9 دسمبر) ایڈووکیٹ کمشنر کے ذریعہ سیل بند لفافے میں رپورٹ پیش کی جانی تھی، لیکن انھوں نے طبیعت خراب ہونے کا حوالہ دے کر مزید 15 دنوں کا مطالبہ کیا ہے۔


Share: